لاہور( این این آئی ) بھارتی باڈر سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں لاہور میں طے پانے والے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلطی سے سرحد پار کر جانے والے پاکستانی شہری کو شہید کر دیا ،پاکستان رینجرز نے فور ی طور پر فلیگ میٹنگ کر کے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا ،بھارتی باڈر سکیورٹی فورسز نے پاکستانی کی میت رینجرز کے حوالے کر دی جسے اسکے ورثاء کے سپرد کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق بکھیونڈ قصور سیکٹر میں دیہاتی اعجاز ولد ریاض پاک بھارت سرحد کے قریب اپنے مویشی چرا رہا تھا کہ اسی دوران مویشی بھارتی علاقے میں داخل ہوگئے ۔پاکستانی شہری اپنے مویشیوں کو واپس لانے کے لئے غلطی سے بھارتی حدود میں داخل ہوگیا ۔ بھارت کی باڈر سکیورٹی فورسز نے بغیر کسی وارننگ فائرنگ کر دی جس سے بے گناہ پاکستانی شہری اعجاز موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ پاکستان رینجرز نے بی ایس ایف کے اس اقدام کے خلاف فوری فلیگ میٹنگ کر کے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ پاکستان رینجرز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاک بھارتی باڈر سکیورٹی فورسز کے درمیان لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں بھارت کے سینئر آفیشلز نے اس پر تحریری اتفاق کیا تھاکہ دونوں ممالک کی باڈر فورسز غلطی سے سرحد پا ر کرنے والے شہریوں کی زندہ واپسی کو یقینی بنانے کی پابند ہوں گی تاہم بھارتی باڈر سکیورٹی فورسز کی طرف سے حال ہی میں طے پانے والے تحریر ی معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی کی گئی ہے اور دن کی روشنی میں ایک بے گناہ سویلین کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا ۔ بھارتی باڈر سکیورٹی فورس نے گزشتہ روز پاکستانی شہری کی میت پاکستان رینجرز کے حوالے کی جس کے بعد اسے اسکے ورثاء کے سپرد کر دیا گیا ۔