اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، بہاولپور، میرپورخاص ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے اور سندھ و مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم گوجرانوالہ، فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، اور فاٹا میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش منڈی بہاوالدین میں 12ملی میٹر، ٹوبہ ٹیک سنگھ 8، گوجرانوالہ 3، فیصل آباد، جھنگ ایک، دیر5، بالاکوٹ2، کالام ایک اور پاراچنار میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔