ملتان (این این آئی)مفتی عبدالقوی نے کہاہے کہ وہ باوضو ہو کر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ وہ شاہ صدالدین میں رہنے والے کسی عبدالباسط نامی شخص کو نہیں جانتے ہیں اور اس سے رشتہ داری تو دور کی بات ہے اس کے خاندان والوں کو بھی نہیں جانتا۔ اتوار کو نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کو ملتان لانے والا ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط مفتی عبدالقوی کا ماموں زاد بھائی ہے جس کی مفتی عبدالقوی نے تردید کر دی ہے انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ سے آخری رابطہ 23روز قبل ہوا تھا ،قتل کے بعد مرحومہ کے کسی وارث نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا ،ان کے بارے میں کچھ نہیں جانتا اور جوبھی معلومات ملی ہیں وہ مرحومہ کے قتل کے بعد اخبارات کے ذریعے حاصل ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہ صدرالدین کے عبدالباسط اور عبدالخالق کو نہیں جانتا ،رشتہ داری تو دورکی بات ہے اس کے خاندان والوں کو بھی نہیں جانتاہوں ۔