لاہور(آئی این پی)عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب بھی اس حکومت کیخلاف کچھ ہوتا ہے سرحدوں پر چھیڑچھاڑ شروع ہوجاتی ہے قوم کو سب دیکھنا اور سوچنا ہوگا ‘ملک میں خودساختہ جلاوطن نہیں بلکہ ہما وقت وزیر اعظم کی ضرورت ہے ‘پارلیمانی کمیٹی سے کچھ نہیں نکلے گا فیصلہ سڑکوں پر ہی ہوگا ‘17جون کو عوامی تحر یک کے احتجاج میں شر یک ہوں گے کیونکہ اس دن پنجاب میں ریاستی دہشت گردی کی گئی ۔ وہ بدھ کے روز عوامی تحر یک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی عوام کوئی گاجر مولی اور سبزی نہیں کہ وزیر اعظم انٹر نیٹ کے ذریعے ہمیں وضاحت دیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ جب بھی ملک اس حکومت کیخلاف کوئی مشکل وقت آتا ہے تو سر حدوں پر چھیڑ چھاڑ شروع ہو جاتی ہے جسکے بارے میں پوری قوم کو سب کچھ دیکھنا اور سوچنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کسی بھی صورت خود کو بچا نہیں سکتی اور پار لیمانی کمیٹی سے بھی کچھ نہیں نکلے گا اس لیے آخرکار فیصلہ سڑکوں پر ہی ہونا ہے اور حکومت کو جانا ہے ۔