لاہور ( این این آئی) پاکستان عوامی تحریک نے 17جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف مال روڈ پر دھرنے کی حکمت عملی تیار کر لی،اسٹیج کے اطراف اوردھرنے کے اندر پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع ہو گا،داخلی اور خارجی راستوں پر شرکا کی چیکنگ کی ذمہ داری عوامی تحریک کی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے 17جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف مال روڈ پر احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس سلسلے میں عوامی تحریک انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔ جس کے مطابق دھرنے کے مال روڈ کو بلاک کر کے 4داخلی اور خارجی راستے فائنل کر لئے گئے ،اسٹیج کے اطراف اوردھرنے کے اندر پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع ہو گا،اسٹیج اور دھرنے کی سکیورٹی پر عوامی تحریک کے جوان تعینات ہونگے ۔ اس کے ساتھ داخلی اور خارجی راستوں پر شرکا کی چیکنگ کی ذمہ داری عوامی تحریک کی ہو گی تاہم پنجاب پولیس کا ایک آفیسر سٹیج پر عوامی تحریک انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہو گا اور پنجاب پولیس دھرنے کے باہر اطراف میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔