لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کے خلاف دائر درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار مقامی شہری عاطف سردار کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کو جواز بنا کے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزیر اعظم نواز شریف کی مسلسل کردار کشی کر رہے ہیں ۔عمران خان سیاسی جماعت کے سربراہ ہونے کے باوجود پاکستانی شہریوں کو نفرت کا سبق دے رہے ہیں، عمران خان کی تقاریر قوم کو تقسیم کرنے اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کا سبب بن سکتی ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کومحمد نوازشریف کے خلاف نفرت انگیز تقاریر سے روکنے کا پابند بناتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔فاضل عدالت نے عمران خان کوپندرہ جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور درخواست گزار کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق مزید دلائل پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔