پشاور(این این آئی)پشاور اور گرد ونواح میں آندھی شدید بارش اورژالہ باری سے مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے سے بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 36زخمی ہوگئے۔بارش اور طوفان کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے اور شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔پی ڈی ایم اے ، ریسکیو اور لیڈی ریڈنگ حکام کے مطابق پشاور اور گردونواح میں بعد از دوپہر آنے والی شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری سے دو سالہ بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 36 زخمی ہوگئے۔ زخمی اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ کاکشال ، رنگ روڈ، پتنگ چوک ،فقیرکلے ، چارسدہ روڈ، یونیورسٹی روڈ ، حسین چوک ، فیزتھری چوک، یونیورسٹی ٹاؤن اورکوہاٹ روڈ پر چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے سے سب سے زیادہ نقصانات ہوئے۔ شہر کے مختلف حصوں میں درخت اکھڑنے سے قیمتی املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ شدید بارش سے شہر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھی۔ایل ار ایچ کے ترجمان کے مطابق بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کے باعث لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ڈی جی ریسکیو نے بھی نقصانات کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔ طوفانی بارش نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا ہے۔ادارے کا عملہ تاحال سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کیلئے نہیں پہنچا۔ پی ڈی ایم اے نے رات گئے تیز اندھی اور بارش کی پشین گوئی کی ہے۔