اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ نگار نے بڑا انکشاف کر دیا، سینئر تجزیہ نگار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک انتہائی اہم رکن قومی اسمبلی نے اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کر دی جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مستقبل کا اشارہ بھی ہے، سینئر تجزیہ نگار نے کہا کہ کئی اہم عہدوں پر فائز رہنے والے افتخار چیمہ جو کہ اس وقت گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی ہیں انہوں نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی شدید ناکامی کا شکار ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ایک فل ٹائم وزیر خارجہ تعینات کیا جائے ۔جسٹس(ر) افتخار چیمہ نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر خارجہ سے ہٹا کر شہباز شریف کو وزیر خارجہ لگایا جائے ، قوم دیکھے گی کہ 6 ماہ میں شہباز شریف معجزے کر کے دکھائے گا۔ سینئر تجزیہ نگار سمیع ابراہیم نے کہا کہ افتخار چیمہ کے منہ سے وزیرخارجہ کی بجائے وزیر اعظم نکلنے لگا تھا اور شاید وہ یہی کہنا چاہتے تھے۔ سمیع ابراہیم نے کہا کہ ’’افتخار چیمہ نے اسمبلی تقریر میں کہا کہ ایوان اس بات کی تائید کرے کہ شہباز شریف کو وزارت دی جائے‘‘ اس میں ایک ابہام ہے کیونکہ وزیر خارجہ بنانے کیلئے پورے ایوان کی تائید کی ضرورت نہیں ہوتی ، پورے ایوان کی تائید صرف وزارت عظمیٰ کیلئے ضروری ہے، اس وجہ سے افتخارر چیمہ کی تقریر ذو معنی ہے۔