اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان نے روس کیلئے اہم شخصیت کو سفیر مقرر کردیا،صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ کےلئے متحرک سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت نے یہ بات روسی فیڈریشن کےلئے پاکستان کے نامزد سفیر قاضی خلیل اللہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے قاضی خلیل اللہ کو روس میں بطور سفیر نامزدگی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔صدرمملکت نے کہا پاکستان کو روسی فیڈریشن اور اس خطے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم ، ٹیکنالوجی اور دیگر مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ ماضی میں اسٹیل مل جیسا اہم منصوبہ روس کے تعاون سے مکمل کیا گیا اب اس طرح کے دوطرفہ تعاون کی پھر ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا روس پا کستان میں توانائی کے شعبے میں دو بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے جو خوش آئند ہے لیکن اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت نے کہا پاکستان اور روس کے درمیان تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان روابط اور باہمی دوروں کی ضرورت ہے اس معاملے میں بھی نامزد سفیر اپنا کردار ادا کریں۔