اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایف آئی اے نے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والے بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی شہری رستم سدھوا رکن قومی اسمبلی اسفند یار بھنڈر کا بہنوئی اور سابق رکن قومی اسمبلی ایم پی بھنڈر کا داماد ہے۔بھارتی شہری رستم سدھوا نے سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد ملک نذیر کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی۔ ایف آئی اے نے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر ملزم رستم سدھوا کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم رستم سدھوا 1982ء میں پاکستان آیا اور شناختی کارڈ حاصل کیا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مقدمہ میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے حکام کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ بھارتی شہری رستم سدھوا کو جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔