اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس اسلام آباد نے اپنے گذشتہ روز پیمراہیڈکواٹرز اسلام آباد میں منعقدہ 31ویں اجلاس میں “ویلیو ٹی وی” پرغیر قانونی نام “چینل 24 “استعمال کرنے اور اپنے منظور شدہ پروگرام مکس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔ اجلاس کی صدارت کونسل آف کمپلینٹس کی چیئرپرسن پروفیسر نسیم ہمایوں نے کی۔پیمرا ریکارڈ کے مطابق ویلیو ٹی وی کو “پراپرٹی چینل” کا لائسنس دیا گیا تھا جبکہ وہ پیمرا اتھارٹی کی منظور ی کے بغیر نیوز اینڈکرنٹ افیئرز چینل چلا رہے ہیں اور اپنا نام بھی “چینل 24 ” کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جو کہ سراسر غیر قانونی ہے۔ کونسل نے اس بات کا بھی سخت نوٹس لیا کہ مذکورہ چینل بار بار پیمرا کی جانب سے نوٹسز اور احکامات کے باوجود اپنا نام اور پروگرام مکس تبدیل نہیں کر رہاجو کہ پیمرا قوانین کی صریحاًخلاف ورزی ہے، لہٰذا کونسل نے 30یوم کے اندر عائد جرمانہ ادا نہ کرنے اور چینل کا نام اور پروگرام مکس تبدیل نہ ہونے کی صورت میں پیمرا کو مذکورہ چینل کا لائسنس منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری، ڈاکٹر شاہجہاں سید ، محترمہ نزہت فاطمہ اور امجد علی آفریدی )ریجنل جنرل منیجر /سیکریٹری کونسل آف کمپلینٹس ، اسلام آباد) بھی شریک تھے۔