اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارلحکومت میں بہتر ین’’اریسہ‘‘کی ڈش تیار کرنے اور مہمان نوازی کا حق ادا کرنے والے کو مئیر بنا دیا ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کو پے در پے اریسہ ڈش کے ساتھ مہمان نوازی گرویدہ کر گئی ۔آن لائن کو معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد کے نو منتخب میئر شیخ انصر آریسہ کی سپیشل ڈش تیار کرتے ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو کشمیر میں متعدد بار خصوصی ڈش سے مستفید بھی کروایا۔شیخ انصر ویسے تو ایک منجھے ہوئے ٹھیکیدار ہیں اور وہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اپنی ٹھیکیداری کا لوہا بھی منوا چکے ہیں تاہم کھجور اور مٹن میں تیار کی جانے والی آریسہ کی ڈش کے بھی ماسٹر ہیں اور اس ڈش کے بدلے میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق کے میئر بن گئے جو تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔آن لائن کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ اسلام آبادکے یونین کونسلز چیئرمینوں سے اگر بروقت حلف نہ لیا جاتا تو وہ کسی صورت شیخ انصر کو ووٹ نہ دیتے مگر کمال مہارت اور سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند دن قبل رات کے اندھیرے میں حلف لیا گیا تاکہ حکومت منتخب کردہ میئر کو شکست کی ہزیمت نہ اٹھانا پڑے۔