کوہاٹ(نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے سکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث 2 پیرا ملڑی فورسز اہلکاروں سمیت 5 افراد کو 18، 18 سال قید کی سزا سنا دی۔اے ٹی سی کے جج گوہر رحمٰن نے مجرموں کو 90، 90 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔یاد رہے کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے 11 اکتوبر 2014 کو کمرڈھنڈ کے پہاڑی علاقے میں پیٹرولنگ کے دوران پولیس پارٹی سے مسلح مقابلہ کیا تھا۔دہشت گردوں نے پولیس سے مسلح لڑائی کے دوران راکٹ، دستی بم اور آٹومیٹک آتشی اسلحہ کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں نوشہرہ کے رہائشی سابق فوجی اہلکار جہانگیر ہلاک ہوگئے تھے۔ملزمان کی شناخت شاکر، کامران، صید میر، جاوید اور شادی محمد کے ناموں سے ہوئی،واقعے کی تحقیقات کے دوران انھیں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اور دیگر دفعات 302،324،353 اور 15اے اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔بعد ازاں دورانِ تفتیش یہ تصدیق ہوئی کہ پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار کامران اور صید میر، زاری عرف دادی نامی گروپ کو مدد اور تحفظ فراہم کررہے تھے۔