کوئٹہ(نیوز ڈیسک)بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان شہری اپنی رجسٹریشن کروائیں کیونکہ رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث حکومت کو انتظامی معاملات اور امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے میں مشکلات اور دشواریوں کا سامنا ہے۔نواب ثناءاللہ زہری اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ایک وفد سے ملاقات کررہے تھے، جس کی صدارت مقامی چیف اندریکا رتواتے کررہے تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں رہنے والے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے لیے یو این ایچ سی آر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ‘ہم افغان مہاجرین کی اپنے ملک باعزت واپسی کے خواہش مند ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم توقع کرتے ہیں کہ افغان مہاجرین، بین الاقوامی قوانین، پناہ گزینوں کے لیے موجود قواعد و ضوابط اور ملک کے قانون کی پاسداری کریں گے۔اندریکا رتواتے نے یو این ایچ سی آر کی جانب سے مختلف شعبوں میں شروع کیے جانے والے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کمیشن ٹراما سینٹر، پانی کی فراہمی اور اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر بھی کام کررہا ہے۔افغان مہاجرین کے لیے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہاجرین کو اپنی رجسٹریشن کے لیے آمادہ کرنے کے حوالے سے جلد ایک مہم چلائی جائے گی۔