کراچی(نیوز ڈیسک) انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں اور دفاعی تنصیبات پر دہشتگردوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 13 خود کش حملہ آور ملک میں داخل ہوئے ہیں جن کا مقصد ملک کے مختلف شہروں میں دفاعی تنصیبات اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا ہے۔ اس لئے متعلقہ محکمے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں۔دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی کے سرکاری کالجز میں سیکیورٹی خدشات کے باعث سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے جس کے تحت اب کالجز کی چھٹی کے اوقات روزانہ کی بنیاد پر تیدیل کئے جائیں گے جب کہ کالجز میں طلبا اور اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی تعداد کے حوالے سے متعلقہ تھانے اور ڈپٹی کمشنر کو بتانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث جامعہ کراچی کی سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردئے گئے ہیں جبکہ رینجرز کی جانب سے جامعہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے۔