کراچی(نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے‘کراچی میں بے خوف معمول کی زندگی کی بحالی کو یقینی بنائیں گے ‘ شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے افراسٹرکچر کی تباہی سے کراچی میں امن آیا ہے۔ وہ بدھ کوکور ہیڈ کوارٹر زکے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی میں قیام امن پر رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کور فائیو ہیڈکواٹرز کراچی میں سیکیورٹی صورت حال اور کراچی آپریشن سے متعلق آرمی چیف جنرل راحیل کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر‘ ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس‘ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت اعلی عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس میں کراچی آپریشن میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ امن وامان سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر بھرپور مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی آپریشن میں رینجرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے کہاکہ کراچی میں بے خوف معمول کی زندگی کی بحالی کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے افراسٹرکچر کی تباہی سے کراچی میں امن آیا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کے زیر صدارت ہونے والا اہم اجلاس 6گھنٹے سے زائد مدت تک جاری رہا۔