اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پورٹ اینڈ شپنگ نے بحری جہاز کے ذریعے حج آپریشن شروع کرنے کی سمری وزیر اعظم کو جلد بجھوانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی جائزہ لے کر سمری تیار کر لی گئی ہے ۔ آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ حج کے اخراجات میں اضافہ کے باعث حکومت نے بحری جہازوں کے ذریعے حاجیوں کو ارض مقدس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے نجی شپنگ کمپنی کے علاوہ قومی شپنگ کمپنی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق بحری جہازوں کے ذریعے حج اخراجات بھی انتہائی کم ہوں گے اور حاجیوں کو سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزارت پورٹ اینڈ شپنگ نے اس حوالے سے ایک سمری تیار کی ہے جو بہت جلد منظوری کے لئے کابینہ ڈویژن کو بجھوائی جائے گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد بحری جہاز کے ذریعے حج آپریشن شروع کرنے کے انتظامات کئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ حج آ پر یشن اس سال ہی شروع ہونے کا امکان ہے تاہم اگلے سال ہر حال میں یہ آپریشن شروع ہو گا ۔