واشنگٹن(نیوزڈیسک)’واشنگٹن پوسٹ‘ نے لکھا ہے کہ جنرل زبیر محمود حیات کا نام جنرل راحیل شریف کے جانشین کے طور پر لیا جا رہاہے۔جنرل زبیر حیات کی شہر ت اعتدال پسند کی حیثیت سے سامنے آئی ہے جو ماضی کے رہنماﺅ ں کے متعلق اس لئے فکرمند تھے کہ انہوں نے انتہا پسند گروپوں کے خلاف زیادہ کچھ نہیں کیا۔ایک اور اخبار ’وال اسٹریٹ جنرل‘ نے جنرل زبیر محمود حیات کے علاوہ جنرل اشفاق ندیم احمد کا بھی ذکر کیا ہے۔امریکی اخبار ات نے پاک فوج کے 15ویں سربراہ جنرل راحیل شریف کی اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان پر اپنی خصوصی رپورٹ میں لکھا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان سے امریکی حکام حیران ہو جائیں گے۔اخبار نے جنرل راحیل شریف کو پاکستان کا ایک طاقتور فوجی سربراہ اور مقبول شخص قرار دیا۔ اخبار نے لکھا ہے کہ انہیں طالبان کے خلاف جنگ کرنے اور دہشت گردانہ حملوں میں کمی کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔گزشتہ سال پرتشدد کارروائیوں کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور دہشت گرد حملوں سے پچاس فی صد ہلاکتیں کم ہوئیں۔2006کے بعد 2015پاکستان میں سب سے محفوظ سال تھا۔سیکورٹی خدشات میں کمی سے معیشت بھی بہتر ہوئی۔ستمبر میں کراچی میں جگہ جگہ لگے بل بورڈز پر کراچی کو بچانے کیلئے جنرل راحیل شریف کے لئے شکریہ کے الفاظ تحریر تھے۔