اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے ترقیاتی پروگرام کی مد میں آزادکشمیر حکومت کیلئے3 ارب30 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے۔ مظفرآباد میں محکمہ مالیات کے ذرائع کے مطابق فنڈز کے اجراء کا فیصلہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی سربراہی میں وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کی گئی ایک کمیٹی نے کیا جس میں آزاد کشمیر حکومت کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں آزادکشمیر کیلئے ساڑھے گیارہ ارب روپے کے فنڈز مختص کئے تھے جن کا 70 فیصد رواں سال 31 مارچ تک جاری ہونا تھا تاہم یہ فنڈز دو ماہ قبل ہی جاری کردیئے گئے ۔واضح رہے کہ رواں سال مئی میں آزادکشمیرکی قانون سازاسمبلی کے انتخابات ہورہے ہیں