اسلام آباد(نیوزڈیسک)ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم ملزم معظم علی نے ایف آئی اے کائونٹر ٹیررازم ونگ کے پاس جسمانی ریمانڈ پر دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اسے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش کا ہرگز علم نہیں تھا۔ محسن علی پر ترس کھا کر 17لاکھ روپے ادھار دیئے اور ویزے کے لئے ضروری دستاویزات کی تیاری میں مدد کی۔ خالد شمیم ملازمت کی غرض سے آیا تھا اسے اپنے کمپنی میں ملازم رکھا اور وہ تنخواہ بھی لیتا رہا۔ خالد شمیم ملزم محسن علی کو میرے پاس لے کر آیا اور کہا کہ محسن ذہین طالب علم ہے اعلی تعلیم کے لئے برطانیہ جانا چاہتا ہے لیکن اس کے پاس وسائل نہیں۔ خالد شمیم کے کہنے پر 17لاکھ روپے کراچی کے ایک ٹریول ایجنٹ سید باقر مہدی کو دیئے جس نے ملزم محسن علی سید کے ویزے اور ٹکٹ کا بندوبست کیا۔میں اس سے قبل بھی مستحق طالب علموں کی معاونت کرتا رہا ہوں ۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کی تفتیش میں ملزم معظم علی کے قتل کیس میں براہ راست ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے تاہم کیس کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش جاری ہے