اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے پارٹی اکاؤنٹس اور فنڈز کی تفصیلات طلب کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر کیس میں بینچ کی تبدیلی پر معاملہ چیف جسٹس ہائی کورٹ محمد انور خان کانسی کو بھیج دیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی تو تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر انور منصور نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کی سماعت جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ کرتا رہا ہے بینچ کی تبدیلی سے تمام فریقین کو دوبارہ سے بحث کرنا پڑے گی اور دلائل دینا پڑینگے لہذا عدالت کیس کو دوبارہ پہلے والے بینچ میں منتقل کرنے کا حکم دے بعد ازاں عدالت نے مزید کسی کارروائی کے بینچ کی تبدیلی کے حوالے سے کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ محمد انور خان کانسی کو بھیج دیا ہے ۔ واضح رہے اس سے پہلے کیس کی سماعت جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ کرتا رہا ہے ۔