اسلام آباد(نیوزڈیسک)دفاعی تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک انتہائی با اصول شخص ہیں ¾۔ سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے کہا کہ جنرل راحیل کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے تاہم جنرل راحیل شریف کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے لیے ان کی بے شمار خدمات ہیں لیکن مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمود شاہ نے کہاکہ جنرل راحیل شریف انتہائی با اصول شخص ہیں۔ انہوں نے زندگی بھر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ اگر حکومت چاہے بھی تو جنرل راحیل شریف ملازمت میں توسیع قبول نہیں کریں گے۔تجزیہ کاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی چیف کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ملک میں دہشت گردی میں کمی ہوئی۔