لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے بارے آج ( منگل ) مزید دلائل طلب کر لئے۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے جمشید دستی کے حلقہ این اے 178کے ووٹر فاروق خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ جمشید دستی کو نااہل قرار دے چکی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ جمشید دستی آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے تحت صادق اور امین نہیں رہے مگر ریٹرننگ افسر نے اس اعتراض کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے جمشید دستی رکن قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے۔جمشید دستی اپنے قول و فعل میں تضاد سے ثابت کر چکے ہیں کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے معیار پرپورا نہیں اترتے لہٰذا بطور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، عدالت نے مزید سماعت 26جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کر لئے۔