اسلام آباد (نیوزڈیسک) اپوزیشن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بیان سے توسیع لینے کاتباہ کن کلچر ختم ہوگا ٗمقررہ مدت میں دیانتداری سے کام مکمل کرنے پر قوم جنرل راحیل شریف کو یاد رکھے گی ٗاس معتبر فیصلے سے ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملازمت میں توسیع نہ لینے کے حوالے سے آ رمی چیف کے بیان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ٗآرمی چیف نے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی مفاد کواپنی ذات سے عزیر سمجھا ہے ٗآرمی چیف کے اس فیصلے سے ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے یہ فیصلہ ایک معتبر فیصلہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقررہ مدت میں دیانتداری سے کام مکمل کرنے پر قوم انہیں یاد رکرے گی۔پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے بھی آرمی چیف کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے بجا طورپر اداروں کو مستحکم کر نے کی بات کی ہے جسے توسیع لینے کے کلچر کے ذریعے نظر انداز کیا جاتا رہا ۔انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے مقررہ وقت پر ریٹائر منٹ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس بیان سے تمام افواہوں کا خاتمہ ہو گا اور اس سے توسیع لینے کاتباہ کن کلچر ختم ہوگا ۔