کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے منظور کالونی سے گزشتہ ہفتے ملنے والی مسخ شدہ لاش کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ پولیس نے لاش کے فنگر پرنٹس لے لیے۔ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اعلیٰ افسران سے بھی رابطے جاری ہیں۔گزشتہ ہفتے منظور کالونی سیکٹر آئی سے صندوق میں بند ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مقتول کی شناخت کیلئے لاش کے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے ہیں جس کی رپورٹ پانچ روز بعد موصول ہوگی۔دوسری جانب تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پولیس نے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھی اعلیٰ افسران سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ افسران کی ہدایت کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ کے حاصل کردہ نمونے لیبارٹری بھیجے جائیں گے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش تین سے چار روز پرانی ہے اور مقتول کی موت کا سبب زہر خورانی معلوم ہوسکا ہے۔ لاش سے متعلق مقدمہ نمبر 16/2016 بلوچ کالونی تھانےمیں سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد درج کرلیاگیا ہے۔ مقدمہ قتل اور جرم چھپانے کی وار دات کے تحت درج کیا گیا ہے۔