کراچی(نیوز ڈیسک)وفاق کے رینجرزکو دیئے گئے خصوصی اختیارات سندھ حکومت کے گلے کی ہڈی بن گئے ہیں رینجرز کو دوبارہ دیئے گئے اختیارات کی مدت ختم ہونے میں صرف 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ میں رینجرز کو خصوصی اختیارات تو دے دیئے مگر سائیں سرکار روڑے اٹکانے سے باز نہیں آرہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے رینجرز کو اختیارات تفویض ہوچکے ہیں مگر سندھ حکومت نے ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا حالانکہ رینجرز کے خصوصی اختیارات مدت ختم ہونے میں صرف 13روز باقی رہ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہناہے کہ صوبائی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث خدشہ ہے کہ رینجرز اختیارات کا تنازع شدت اختیار کرجائے گا ۔دوسری جانب سندھ حکومت رینجرز کی جانب سے گرفتار ملزموں کی 19 سے زائد جوائنٹ انٹروگیشن ٹیمیں تشکیل دینے میں بھی پس و پیش سے کام لے رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے دو ہفتے قبل سمری وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کو ارسال کی تھی جسے وزیر اعلی سندھ کو بھیجا جانا تھا سمری کی منظوری ابھی تک معمہ بنی ہوئی ہے ادھر انسداد دہشت گردی کی 10 عدالتوں کی سمری بھی التوا کا شکار ہے ۔سندھ اپیکس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں نئی خصوصی عدالتیں بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔