کراچی(نیوزڈیسک) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ بلوچ عوام امن دشمنوں اور جرائم پیشہ افراد پرنظررکھیں کراچی آپریشن بلا تفریق جاری ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ترجمان رینجرز کے مطابق ایم این اے عبد الحکیم بلوچ کی زیر قیادت 100 رکنی بلوچ جرگے نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی رینجرزسے ملاقات کی جس میں کراچی آپریشن سے قبل اور حالیہ صورتحال کا تقابلی جائزہ پیش لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی رینجرز نے بلوچ جرگے کی رینجرز ہیڈ کوارٹر آمد پر انہیں خوش آمدید کہا جب کہ جرگے کے ارکان نے رینجرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔بلوچ جرگے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن بلا تفریق جاری ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے جب کہ بلوچ عوام امن دشمنوں اور جرائم پیشہ افراد پرنظررکھیں اور جرائم پیشہ افراد کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام رینجرز ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے کارآمد اطلاعات پہنچارہے ہیں۔