اسلام آباد(نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی ہے کہ شدیدسرد موسم کے بعد آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کاامکان ہے ۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق ملک بھر میں سرماپورے زوروں پر ہے، ہفتے کے روز سب سے زیادہ ٹھنڈا علاقہ سکردو رہا، جہاں پر پارہ منفی 12 رہا۔ استور میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گر گیا۔ ہنزہ میں منفی 9 ڈگری سنٹی گریڈ تک سردی پڑی اور لوگ ٹھٹھرتے رہے۔گلگت والے بھی سردی سے کانپتے رہے، درجہ حرارت تھا منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ۔ کالام میں بھی پارہ منفی 5 ڈگری رہا۔ دیر اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ملکہ کوہسار مری میں درجہ حرارت 4 ڈگری رہا۔ لاہور، گوجرانوالہ اور پشاور میں پارہ 5 ڈگری تک گر گیا۔ اسلام ا?باد 3 جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔