گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک) نیب پنجاب نے ڈبل شاہ متاثرین کو کلیم کی ادائیگی کیلئے رقوم کا آغاز کر دیا، ڈبل شاہ متاثرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ نیب نے 13 اپریل 2007 ء کو پاکستان کے مشہور مالیاتی سکینڈل میں ملوث سید سبطین الحسن المعروف ڈبل شاہ کو گرفتار کر کے تمام نقدرقوم ، اثاثہ جات اور بینک اکاونٹ منجمد کر کے قبضہ میں لے لیے تھے۔ ڈبل شاہ متاثرین نے تقریباً5 ارب 70 کروڑ روپے کے کلیم نیب میں جمع کروائے تھے۔ دو ماہ قبل ڈبل شاہ کی پراسرار موت کے بعد بالآخرنیب نے 5 لاکھ تک کے متاثرین کو 14 فیصد کلیم کی ادائیگی کے چیک دینے شروع کر دیئے۔ ڈبل شاہ متاثرین نے ادائیگی کے طریقہ کار کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔