اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم تھنک ٹینک کی سربراہ مریم نوازشریف کے دفتر کا معمہ سکیورٹی وجوہات پر تاحال حل نہیں ہوسکا جبکہ سی بلاک کی بجائے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں دفتر بنائے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم تھنک ٹینک کی سربراہ مریم نوازشریف نے تعلیم و تربیت سمیت دیگر ہنرمندی اور خواتین پروگرام کے حوالے سے اپنی خواہشات کا اظہار کیا تواس پر فیصلہ کیا گیا کہ انہیں ایک لگژری دفتر سیکرٹریٹ سی بلاک میں بنا کر دیا جائے ، تاہم وزیراعظم ہاؤس نے سکیورٹی کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مریم نوازشریف کا دفتر کسی بھی بلاک میں بنائے جانے کی بجائے وزیراعظم ہاؤس ایک لگژری دفتر قائم کیا جائے جس میں مریم نوازشریف اپنے کام بخوبی سرانجام دے سکیں گی ۔تاہم دوسری جانب ایک حلقہ نے یہ بھی کہا ہے کہ مریم نوازشریف سے ملاقاتوں کا سلسلہ وزیراعظم ہاؤس میں محدود ہوجائے گا جس سے وہ استفادہ حاصل نہیں کرپائیں گی لہذا سی بلاک میں دفتر بنایا جائے اور سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے مہمانان و دیگر افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا جاسکا کہ ان کا دفتر کہاں بنایا جائے گا ، تاہم قوی امکان ہے کہ انہیں وزیراعظم ہاؤس سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔