اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)کے چیئرمین ابصار عالم نے بول ٹی وی کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے آر آئی یو جے کی درخواست وزارت اطلاعات کو بھجوا دی ہے جس میں وزارت داخلہ اور پیمرا کے ساتھ مل کر معاملہ نمٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے)کی بول ٹی وی انتظامیہ کے خلاف تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر کردہ درخواست رِٹ پٹیشن نمبر 3116/2015جس میں وزارتِ داخلہ ، وزارتِ اطلاعات اور پیمرا کو نامزد کیا گیا تھا اور جس کے فیصلہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مو¿رخہ 7اکتوبر 2015ءکو تینوں نامزد اداروں کو پابند کیا تھا کہ وہ اس درخواست پر مناسب فیصلہ کرتے ہوئے نمٹائیں۔پیمرا چیئرمین نے اس ہائیکورٹ کے فیصلہ کے پیشِ نظر جمعہ کو وزارتِ اطلاعات کو بذریعہ مراسلہ درخواست بھجوائی ہے کہ وہ فوری طور پر پیمرا اور وزارتِ داخلہ کے ساتھ مِل کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں تاکہ بول ٹی وی ملازمین اور صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی عمل میں لائی جا سکے۔ پیمرا نے صحافیوں کی مالی مشکلات کے مدِ نظر یہ مراسلہ وزارتِ اطلاعات کو ارسال کیا ہے اور کوشش ہے کہ جلد از جلد تنخواہوں کے مسئلے کا ممکنہ حل تلاش کیا جائے۔ واضح رہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بول کے ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔