کراچی (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن جماعتوں کے آج (ہفتہ) کنگری ہاﺅس میں پیر پگارا کی رہائش گاہ پر سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس میں شرکت کرنے کے حوالے سے مرکزی قیادت سے حتمی رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کو مسلم لیگ ہاﺅس کارساز میں صوبائی صدر اسماعیل راہو کی صدارت میں ہونے والے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ، جنرل سیکریٹری سینیٹر نہال ہاشمی، نائب صدر علی اکبر گجر، کھیل دار گورستانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءاپوزیشن جماعتوں کے ہفتہ کو کنگری ہاﺅس میں ہونے والے گرینڈ الائنس اجلاس میں شرکت کے حوالے سے دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔ ایک حصہ کا کہنا تھا کہ اس گرینڈ الائنس میں شامل ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے صوبے میں کرپشن، انتقامی کارروائیوں اور بیڈ گورننس کی انتہاءکردی ہے جبکہ دوسرے گروپ کا کہنا تھا کہ مرکزی قیادت کی مشاورت کے بغیر اجلاس میں شرکت کرنا صحیح نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض رہنماﺅں نے ایک مرتبہ پھر اس مو¿قف کو دہرایا کہ یہ اجلاس یا اتحاد جماعتوں یا شخصیات کا ہے۔ اس ضمن میں اجلاس سے قبل مسلم لیگ فنکشنل سے معلوم کیا جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ بننے والا اتحاد جمہوری نظام یا موجودہ سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی سازش میں شامل نہیں ہوگا۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گرینڈ الائنس میں شرکت سے قبل مرکزی قیادت سے حتمی رائے لی جائے گی۔