کوئٹہ (نیوز ڈیسک)کوئٹہ چمن شاہراہ پر ایف سی کی کارروائی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ایف سی کی گشتی پارٹی نے کوئٹہ اور پشین جانے والی دو کار گاڑیوں سے اسلحہ،گولہ بارود اور منشیات برآمد کرلیا ، برآمد کئے جانے والے اسلحہ میں12.7ایم ایم 217 راونڈ اور14.5 ایم ایم 47 گن شپ راونڈ شامل ہیں۔ایف سی حکام کے مطابق 60 کلو چرس اور بھاری مقدار میں بارود کو بھی برآمد کرلیا گیا ¾ ملزمان فرار ہو گئے۔ ایف سی حکام کے مطابق چمن کوئٹہ شاہراہ پر سید حمید کراس کے قریب ایف سی کی گشتی ٹیم ایک ویران اور کچے راستے میں معمول کے گشت پرتھی تو اس دوران دو ٹوڈی گاڑیاں بھی جارہی تھیں جب انھوں نے ایف سی پارٹی کو دیکھا تو وہ اپنی گاڑیاں چھوڑ کر ویران نالے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،جب ایف سی اہلکاروں نے گاڑیوں کو چیک کیا تو ان سے اسلحہ ،گولہ بارود اور منشیات برآمد کرلیا گیا۔ایف سی حکام کے مطابق اسلحہ و گولہ بارود کو کوئٹہ اور پشین میں دہشت گردی کےلئے استعمال کیا جانا تھا تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا۔