اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر سنگھ مودی پاک بھارت تعلقات کی68سالہ تاریخ کے چوتھے وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ 14وزرائے اعظم میں سے 10کبھی پاکستان نہیں آئے۔ پہلے بھارتی وزیراعظم جواہر لال نہرو اس حوالے سے ابھی تک پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا۔ نہرو 1953اور 1960میں پاکستان آئے۔ راجیو گاندھی نے 1988 میں پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا اور اٹل بہاری واجپائی نے 1999ء میں پاکستان کا دورہ کیا۔جو وزرائے اعظم کبھی بھی پاکستان نہیں آئے ان میں گلزاری لال نندہ، لال بہادر شاستری، اندرا گاندھی، مرارجی ڈیسائی، چرن سنگھ، وی پی سنگھ، چندر شیکھر، نرسمہاراﺅ، دیوی گوڑا،آئی کے گجرال اور من موہن سنگھ شامل ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ بھارت کے 19 ماہ بعد پاکستان پہنچے جبکہ نریندر مودی نے اٹل بہاری واجپائی کے بعد11 سال 11 ماہ اور 20 دن بعد پاکستان کا دورہ کیا۔ نریندر مودی اور نواز شریف پہلے بھارتی وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ایک دوسرے کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا۔1953 میں جواہر لعل نہرو پہلے بھارتی وزیر اعظم تھے جنہوں نے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا، وہ کراچی میں اترے اور پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ 1960 میں جواہر لعل نہرو نے پاکستان کا دوبارہ دورہ کیا اور سندھ طاس معاہدے پر دستخظ کیے۔28 سال بعد 1988 میں بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی پاکستان آئے اور چوتھی سارک کانفرنس میں شرکت کی۔ 1989 میں راجیو گاندھی نے دوبارہ پاکستان کا دورہ کیا جس کے بعد 1999 میں بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی پاکستان کے دورہ پر آئے اور لاہور سے دہلی بس سروس کا افتتاح کیا۔سن 2004 میں اٹل بہاری واجپائی ،اسلام آباد میں 19 ویں سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے دوبارہ پاکستان آئے تھے۔