لاہور (نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے الیکشن کمشنر کے بیرون ملک ہونے کے باعث انٹرا پارٹی الیکشن عمران کے اعلان کے مطابق دو ماہ میں نہیں ہو سکیں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی پنجاب اور سندھ میں بری طرح شکست کے بعد 7 دسمبر کو عمران خان نے تمام پارٹی عہدیدار تحلیل کر دئیے تھے اور 2 ماہ میں پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران نے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے لئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی اور کہا تھا کہ اب صوبے اور اضلاع میں براہ راست پارٹی الیکشن کروائے جائیں گے۔ پہلے رکنیت سازی کی مہم ہو گی پھر براہ راست الیکشن ہوں گے تاہم لگ بھگ پندرہ روز گزر جانے کے باوجود ماضی کی طرح رکنیت سازی مہم کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔ پچھلے انٹرا پارٹی الیکشن سے پہلے پارٹی کی رکنیت سازی کے لئے ملک بھر میں کیمپ لگائے گئے تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی رہنمائوں نے عمران سے الیکشن دو ماہ کی بجائے آگے لے جانے کی درخواست کی ہے تاکہ رکنیت سازی کے لیے معقول وقت مل سکے۔