لاہور (نیوزڈیسک) لاہور کے حلقہ این اے 128 میں بھی بے ضابطگیاں سامنے آ گئیں۔ نادرا نے پری سکین رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرا دی۔ حلقہ این اے 128 سے مسلم لیگ کے افضل کھوکھر ایک لاکھ 24 ہزار 107 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے مدمقابل ملک کرامت کھوکھر 78 ہزار 369 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ ملک کرامت کھوکھر نے دھاندلی کے الزامات لگا کر نتائج کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا تھا۔ ٹربیونل نے این اے 128 کے ووٹوں کو تصدیق کے لئے نادرا کے پاس بھجوا دیا تھا۔ نادرا نے این اے 128 کی پری سکین رپورٹ تیار کر کے ٹربیونل میں جمع کروا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکیس ہزار چار سو ترانوے بیلٹ پیپرز ریکارڈ سے غائب ہیں، 159 پولنگ سٹیشنز کے فارم پندرہ موجود نہیں ہیں۔ 151 پولنگ سٹیشنز کے فارم چودہ کا ریکارڈ نہیں ملا۔ این اے 128 کے مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 4630 ہے۔