لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میں محمودالرشید نے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے پر ایوان میں قرارداد جمع کرادی۔ گزشتہ روز جمع کرائی جانے والی قرارداد میں انکا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور غریب عوام پر ظلم ہے کیونکہ نئے ٹیرف سے صارفین پر213سے220ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ 6ماہ پہلے گیس کے نرخ میں اضافہ کرکے210ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جب سے حکومت بنی ہے اس دن سے عوام کی زندگی اجیرن ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طورپر واپس لے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام دشمن فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کرینگے۔ دریں اثنائ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈز میں سے اربوں روپے غیر ضروری کاموں پر خرچ کر رہے ہیں جس کی ایوان سے منطوری بھی نہیں لی جاتی انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں عملی طور پر آمریت قائم ہے اورتمام صوبائی معاملات فرد واحد ہی چلا رہا ہے۔ غیر ضروری کاموں پر وسائل خرچ کرنے پر انہوں نے حکومت پنجاب کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں سہولیات نہیں، پورے پنجاب میں پینے کا صاف پانی نہیں، ایسے میں تمام صوبائی وسائل غیر ضروری اور نام نہاد ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ذاتی مفاد سے ہٹ کر ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ حکمران نے روش نہ بدلی تو عوام کو سڑکوں پر لاکر انکا احتساب کرینگے۔