لاہور(نیوزڈیسک)اڈا پلاٹ کے رہائشیوں نے رائےونڈ توسیعی منصوبے میں آنے والی اراضی کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت نہ ملنے کیخلاف جاتی امراء کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین کے وفد کو مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے آج پیر کے روز 90شاہراہ قائدا عظم پر طلب کر لیا گیا ۔ جاتی امراءکے باہر احتجاج کرنے والے اڈا پلاٹ کے رہائشیوں کا کہنا تھاکہ رائے ونڈ توسیعی منصوبے میں ہمارے گھر بھی آرہے ہیں جو زیادہ سے زیادہ سات مرلہ میں واقع ہیں لیکن حکومت کی طرف سے مارکیٹ ویلیو تو کیا سرکاری قیمت سے بھی کم ادائیگی کا کہا جارہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہمیں قیمت ادا نہ کرے بلکہ ہماری زمین کے بدلے زمین اور اس کے اوپر گھر تعمیر کرا کے دیدے ۔ اگر حکومت نے اپنی مرضی کے مطابق قیمت ادا کرنی ہے تو ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔بعد ازاں وزیر اعظم کے سیکرٹری نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے آج پیر کے روز 90شاہراہ قائد اعظم پر طلب کر لیا ۔