اسلام آباد(نیوزڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو نامکمل دستاویزات کے باعث پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ ڈی جونز نے ڈی پورٹ کر نے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے سفری دستاویزات مکمل نہیں تھے ¾ پاکستان کاویزا میرے پاس تھا ۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لوگو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دبئی سے پاکستان پہنچے تو بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انھیں نامکمل دستاویزات پر سفر کرنے کے باعث ڈی پورٹ کردیا۔امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ڈین جونز بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جس کے باعث انھیں ڈی پورٹ کیا گیا۔ دوسری جانب سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ڈی پورٹ ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے پاس سفری دستاویزات مکمل نہیں تھے مگر پاکستان کاویزا میرے پاس تھا اور مجھے ڈی پورٹ نہیں کیا گیا ہے ۔ ادھر ایف آئی اے نے کہا کہ ڈین جونز کابیان غلط ہے ڈی جونز کوقانونی دستاویزات پوری نہ ہونے پر واپس بھیجاگیا ،ایف آئی اے کے مطابق ڈین جونز ڈی پورٹ نہیں ہوئے تو ہم نے پاسپورٹ کی کاپی کیسے جاری کی اورڈین جونز کا آسٹریلوی پاسپورٹ نمبر ای 3030665 ہے۔واضح رہے کہ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں اور 21 اور 22 دسمبر کو کھلاڑیوں کی بولی لگنے کے حوالے سے بھی اپنی ٹیم انتظامیہ کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے لئے پاکستان آئے تھے۔