لاہور(نیوزڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ”میٹرو مارکہ گورننس “عوام کے لئے اذیت کا باعث بن رہی ہے ،موجودہ حکومت کے دور میں ہی ان کی شفاف کرپشن سے پردہ ہٹے گا اور عوام حیرت کے مارے اپنی انگلیاں دانتوں کے نیچے دبانے پر مجبور ہو جائیں گے ،میں کوئی نجومی نہیں بلکہ میں ایک سیاسی کارکن ہوں اور حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے تجربات کی روشنی میں پیشگوئی کرتا ہوں ۔ ایک انٹر ویو میں شیخ رشید نے کہا کہ آج پسے ہوئے طبقات کے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ وہ د و کی بجائے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں لیکن حکمران سب اچھا اور خزانہ چھلکنے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے ۔ کیا میٹرو اور اونج لائن ٹرین سے عوام کا پیٹ بھرا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اپنے پیشگوئیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں کوئی نجومی نہیں بلکہ ایک سیاسی کارکن ہوں اور اپنے حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے تجربات کی روشنی میں حالات کو دیکھتے ہوئے کوئی بات کرتا ہوں ۔ موجودہ حکومت کے حوالے سے جو بات کہی اس پر قائم ہوں ۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کو ایک دن بھی چین اور سکھ نصیب نہیں ہوابلکہ ہر روز ٹیکسز اور مہنگائی کی صورت مصیبتوں کے پہاڑے توڑے جارہے ہیں۔ نئے سال کے آغاز پر گیس کی قیمتوںمیں 38فیصد اضافے کی منظوری ظلم اور زیادتی ہے ۔