اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی پریس کانفرنس اوراس سے قبل وفاقی حکومت کے رویے پرپیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف جارحانہ پالیسی اختیار کرنے ،پارلیمنٹ میں موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق چوہدری نثار کی پریس کا نفرنس کے بعد آصف زرداری کی ہدایت پرپارٹی نے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت کی مشکلات میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی تیار کرلی ہے، شریک چیئرمین نے رہنماﺅں کو ہدایت جاری کی ہے کہ حکومتی وزراءکے تمام بیانات اور پریس کانفرنسز کا سخت انداز میں جواب دیا جائے ۔پیپلز پارٹی کے ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ حالیہ فیصلہ آئندہ انتخابات کے لئے سیاسی حکمت عملی کا بھی حصہ ہے۔ پی پی کے قائدین مطالبہ کریں گے کہ پنجاب میں بھی سندھ کی طرز پر کارروائیوں کا آغاز کیا جائے ، حکومت کے بقیہ عرصے میں پیپلزپارٹی ن لیگ کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرکے اہم معاملات میں تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے موقف کی حمایت کرے گی، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر جلد مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے کچھ لوگوں ، جن کا خیال ہے کہ پی پی پی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ، کی جانب سے زرداری صاحب کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اندرون خانہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ انڈر اسٹینڈنگ پیدا کریں کیونکہ وہ بھی چاہتی ہے کہ نواز شریف کی حکومت نہ رہے اور مڈم ٹرم الیکشن ہوں اس بھرپور حصہ لیا جائے اس طرح ن لیگ کے لوگوں کا بھی احتساب ممکن ہوگا۔