کراچی (نیوزڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے رینجرز اختیارات کے حوالے سے کچھ مسائل ہیں آرٹیکل 147کے تحت اسمبلی سے توثیق کرانا ہوتی ہے۔ آئین سے کوئی انحراف نہیں کرسکتا ہے ۔اتوار کوکراچی میں پاکستان کسٹم کے تحت ایڈلجی ڈنشا روڈ کی ازسرنو بحالی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ کراچی میں کچھ چیزوں کو ٹھیک کردیں تو شہر چمک جائے گا۔ رینجرز اختیارات کے سوال پر گورنر سندھ نے کہاکہ رینجرز اختیارات کے حوالے سے کچھ ایشوز ہیں اور وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ اس ضمن میں کچھ آئینی تقاضے ہیں جن کے لیے رینجرز اختیارات کے معاملے کو اسمبلی کے ایجنڈے پر لایا گیا ہے ۔آئین سے کوئی انحراف نہیں کرسکتا اور آرٹیکل 147کے تحت سندھ اسمبلی سے توثیق کرانا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی مدد سے ا?پریشن جاری ہے اور سیاسی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گورنر سندھ نے بتایا کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور ایمپریس مارکیٹ کی بھی تاریخی اور ثقافتی حیثیت بحال کرنے کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر کسٹم طارق ہدی نے کہا کہ پاکستان کسٹم کے ساتھ منسلک ایڈلجی ڈنشا روڈ کی تاریخی حیثیت اور قدیم ثقافتی حسن کو بحال کیا گیا ہے اور اب یہ شاہراہ شہریوں کو مثبت تاثر دے گی۔ پاکستان کسٹم کی بلڈنگ1916 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس شاہراہ کو ازسرنو تعمیر کرکے اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے۔شاہراہ پر مختلف جگہوں پر لوگوں کے بیٹھنے کےلےے انتظام کیا گیا ہے اور ماضی کی طرز کی لائٹس لگائی گئی ہیں۔ تقریب میں پاکستان نیوی کے عارف اللہ حسینی سمیت مختلف ممالک کے سفیر،صنعتکار،اور دیگر عمائدین شہر شریک تھے۔