لاہور( نیوزڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی کی طرز پر پنجاب میں آپریشن کیا گیا تو یہاں بھی بہت سے ”ڈاکٹر ز“سامنے آئیں گے ، حقیقت میں(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی کرپشن کو بچانے کا ” میثاق “ کر رکھا ہے لیکن موجودہ حالات میں دونوں کے لئے اپنا آپ بچانا مشکل دکھائی دیتا ہے ،عمران خان کا اتحادی ہوں لیکن ان کے پارٹی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ۔ ایک انٹر ویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ کراچی طرز کا آپریشن پنجاب سمیت پورے ملک میں ہونا چاہیے ۔پنجاب میں اس کا آغاز ہوا تو اتنے ”ڈاکٹرز “سامنے آئیں گے کہ عوام دھنگ رہ جائیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) والے شفاف کرپشن کرنے کے ماہر ہیں لیکن پھر بھی ان کی وارداتیں سامنے آتی رہتی ہیں۔ میں پھر دہراتا ہوں کہ ایل این جی کا بہت بڑا سکینڈل سامنے آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور ضرور آیا ہے لیکن ابھی وہ بیدار نہیں ہوئے اور جب بیدار ہو گئے تو پھر کسی کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آکر باریاں لینے اور ایک دوسرے کی کرپشن بچانے کا میثاق کر رکھا تھا انہیں تو علم ہی نہیں تھاکہ انہیں عمران خان اور دوسرے لوگوں کا سامنا کرنا پڑ جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سچا کھرا انسان ہے اور مجھے اس کی ایمانداری پرکوئی شک نہیں۔ انٹر اپارٹی انتخابات تحریک انصاف کا ذاتی معاملہ ہے میں اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا۔