پیرس(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے دو ماہ کے اندر انٹر ا پارٹی انتخابات کے اعلان،سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر غور کرنےکیلئے پی ٹی آئی فرانس کے منتخب عہدیداروں اور کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا ہنگامی اجلاس صدر عمر رحمٰن کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میںعمران خان کی اس بات کی تائید کی گئی جس مین کہا گیا ہے کہ پارٹی منشور نچلی سطح تک نہیں پہنچ سکا ۔اجلا س میں مطالبہ کیا گیاکہ ذاتی نمائش کیلئے بنائے گئے سیکرٹریٹس فوری ختم کئے جائیں اورپارٹی چیئرمین ماضی کی طرح ورکروں سے براہ راست رابطہ بحال کریں تاکہ ان کی رائے اور پارٹی منشور عوام اور عام ورکروں تک پہنچ سکے۔ اجلاس میںپارٹی رکنیت فیس میں کمی کے فیصلہ کو سراہاگیا اور اس خدشہ کا اظہار کیا کہ رکنیت سازی پر نظر اور چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے۔ ملک اصغر برہان ، چوہدری افضال ڈھل،ایم کے پرویز چوہدری ،چوہدری طاہر اقبال ،امتیاز گدھر اور بابر مغل نے فیصلوں کی بھرپور تائید کی اور عہد کیا کہ ہم ان خود ساختہ اور جعلی نوٹی فکیشن والے غیر منتخب عہدیداروں اور ان کے قائم کردہ دفاتر کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے اور ان کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھیں گے۔