کراچی(نیوزڈیسک)تارکین وطن پاکستانیوں کی بددعائیں رنگ لے آئیں،لاہورایئرپورٹ میں کروڑوں کافراڈ پکڑا گیا،ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان کسی اور نے نہیں بلکہ پی آئی اے حکام نے پہنچایا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ صرف لاہور ایئرپورٹ پر ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو 62 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اگست 2015 سے ایمبارکیشن فیس، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور سکیورٹی چارجز کی شرح میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ پی آئی اے کا عملہ مسافروں سے زیادہ ٹیکس وصول کر کے کم رقم قومی خزانے میں جمع کراتا رہا۔ آڈیٹرز نے ٹیکس چوری کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے ان سے رقوم کی واپسی کی تجویز دے دی ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نیٹ ورک میں شامل تمام ایئرپورٹس پر ٹیکس چوری کی جامع تحقیقات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو پہنچائے گئے کروڑوں روپے کے نقصان کی مکمل تفصیلات حاصل کر کے ٹیکس چوری کے مرتکب تمام پی آئی اے اہلکاروں اور افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔واضح رہے کہ تارکین وطن پاکستانی عرصہ دراز سے ایئرپورٹ پر اپنے ساتھ ناروا سلوک کی شکایات کررہے ہیں اور ٹیکسز کے حوالے سے بھی متعدد بار اعلیٰ حکام کو درخواستیں پیش کی جاچکی ہیں۔