لاہور(نیوزڈیسک) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت قطر کو ہنر مند لیبر فورس بھجوانے کے لئے ” پنجاب سکلڈ لیبر ایکسپورٹ سیل“ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں قطر کے وزیر محنت کو صوبہ پنجاب کے تربیتی اداروں کے دورے کی دعوت دی جائے گی اور قطر کی بڑی کنسٹرکشن کمپنیوں اور حکومت پنجاب کے درمیان ہنر مند لیبر فورس کو قطر کے تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ایکسپورٹ کرنے کی غرض سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوں گے -ون ونڈو آپریشن کے تحت پنجاب سکلڈ لیبر ایکسپورٹ سیل کے ذریعے ہنر مند افراد کو بھر پور رہنمائی و معاونت فراہم کی جائے گی -انہوں نے یہ بات قطر کو ہنر مند افراد ایکسپورٹ کرنے کے لئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قائم کردہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی – سیکرٹری لیبر علی سرفراز،چیئر مین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ، چیئر مین پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل فیصل اعجاز ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ علی اکبر بوسن ، ڈائریکٹر ایچ آر گلوبل سید فخر احمد ، ایم ڈی پی وی ٹی سی ساجد نصیر ، کنسلٹنٹ پراجیکٹ ڈاکٹر جاوید گل و دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی – سیکرٹری لیبر علی سرفراز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے دورہ قطر کے موقع پر صوبہ پنجاب اور قطر کی حکومت کے درمیان پنجاب سے ہنر مند لیبر فورس فیفا ورلڈ کپ 2022 ءکے میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے بھجوانے بارے بامقصد مذاکرات طے پائے تھے جس کے نتیجہ میں صوبہ پنجاب کے ٹیکنیکل ٹریننگ دینے والوں اداروں نے نہ صرف اپنے تربیتی کورسز کو قطر کی ڈیمانڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا بلکہ گڈ گورننس اور سلیبس میں تبدیلی کرتے ہوئے اپنے ہنر مند محنت کشوں کی تربیت شروع کی – انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہنر مند محنت کشوں کو جعل ساز پرموٹرز کے استحصال سے بچانے اور ایک موثر ریگولیٹری میکانزم کے ذریعے انہیں بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے – ٹیوٹا میں قائم کئے جانے والے اس ایکسپورٹ سیل میں محکمہ لیبر ، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور ووکیشنل ٹریننگ کونسل سمیت تمام متعلقہ اداروں کی بھر پور نمائندگی ہو گی اور یہ ایکسپورٹ سیل منسلک اداروں کی مشاورت سے ہنر مندوں محنت کشوں کا انتخاب کر کے قطر کی کمپنیوں سے براہ راست مذاکرات کے ذریعے انہیں بین الاقوامی اداروں کی تصدیق ، ویکسی نیشن ، پولیس رپورٹ ، ویزا و دیگر معاملات میں بھر پور رہنمائی و معاونت فراہم کرے گا –