اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اٹک پی پی 16 کے ضمنی الیکشن میں منگل 6 اکتوبر کو پولنگ اسٹیشنوں رپ ووٹوں کی گنتی ختم ہوتے ہی فارم 14اور فارم 15 جن پر متعلقہ پریذائیڈنگ افسروں کے دستخط تھے جدید موبائل ٹیکنالوجی پر برق رفتاری سے حاصل کر لئے۔ اس طرح ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کمیشن کے خود تیار کردہ سافٹ ویئر موبائل ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا پہلا کامیاب تجربہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ شہید کے حلقے میں ضمنی الیکشن کے دوران کیا۔ پریذائیڈنگ افسروں نے موبائل فون کی مدد سے فارم 14 اور فارم 15 کی تصاویر لے کر الیکشن کمیشن اسلام آباد کے کمپیوٹر سرور پر کامیابی سے پہنچائے جس میں وقت اور لوکیشن (مقام) کا نام بھی درج ہے۔ فارم 14 اور فارم 15 کی موبائل ٹیکنالوجی کے الیکشن کمیشن کے تیار کردہ سافٹ ویئر کے استعمال کی وجہ سے الیکشن میں دھاندلی ناممکن ہوگئی ہے کیونکہ فارم 14 اور فارم 15 اسی وقت ریٹرنگ آفسر کے دفتر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر استعمال کمپیوٹر پر آجائیں گے اگر یہ تجربات بڑے پیمانے پر کامیاب ہوگئے تو اس ٹیکنالوجی کو آنے والے تمام ضمنی انتخابات میں استعمال کیا جاسکے گا۔ پارلیمنٹ کی الیکشن ریفارمز کمیٹی کے تمام ارکان نے الیکشن کمیشن کی اس موبائل ٹیکنالوجی پر ووٹوں کے نتائج کے دستخط شدہ فارم 14 فارم 15 کے کمیشن کے ڈیٹا بینک میں آنے کے کامیاب تجربے کو سراہا ہے۔