ملتان(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ این اے 122 کے عوام بلے پر ٹھپے لگانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ عمران خان کے دورے کے بعد نون لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ملتان میں سید اسد مرتضی گیلانی کی رسم قل میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ این ۔ اے 122 میں نون لیگ سرکاری مشینری کا استعمال کر رہی ہے۔پولیس اور ایل ڈی اے کے اہلکار کوشش کررہے ہیں کہ نون لیگ کے امیدوار کو جتوائیں لیکن عوام کے سمندر کے سامنے ان کی ایک نہیں چلے گی۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ میں بیٹھ کر این اے 122 کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے۔