۔اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نےآڈٹ حکام کے دعوے کو مستردکردیاہے کہ فضائیہ کے سابق سربراہ مصحف علی میر کا طیارہ خراب تھا۔ آڈٹ حکام نے قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بیان تھا کہ خراب ہونے کے باعث نیوی اور پی آئی اے نے طیارہ لینے سے انکار کردیا تھا۔فضائیہ کے شہید ایرچیف مصحف علی میر کا طیارہ خراب تھا یا ٹھیک ، نیاتنازع کھڑا ہوگیا۔ کل انکشاف کیا گیا کہ طیارہ خریداری کےو قت سے ہی خراب تھا۔ آج وزیر دفاعی پیداوار نےآڈٹ حکام کا دعویٰ مسترد کردیاہے ۔وفاقی وزیر رانا تنویر کا دعویٰ ہے کہ سابق ایرچیف کا طیارہ پرواز کے وقت مکمل فٹ تھا ۔ اور یہ طیارہ موسم کی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں گزشتہ روز آڈٹ حکام نے یہ انکشاف کیا کہ نیوی اور پی آئی اے نے نہ صرف اس طیارے کو خریدنے سے انکار کیا تھا بلکہ نیوی نے اس کی حالت کو انتہائی خراب قراردیا تھا۔ اسی اجلاس میں دفاعی پیداوار کے حکام نےموقف دیا کہ موسم کی خرابی اور پائلٹ کی غلطی بھی حادثہ کی وجہ بنی ۔ ایف 27 فوکر طیارہ وہ جہاز تھا جس میں فضائیہ کے سابق سربراہ مصحف علی میر کو 2003 میں کوہاٹ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کی اصل وجہ کیا تھی ۔پائلٹ کی غلطی ، موسم یا پھر طیارے کی خرابی ۔ ایک ماہ بعد جب آڈٹ اور دفاعی پیداوار کے حکام کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے تو شاید اصل حقیقت سامنے آسکے ۔