لاہور(اے این این) لاہورہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو زیادہ فیسیں وصول کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ نجی سکولوں سے فیس کے متعلق آرڈیننس پر 17 مختلف درخواستوں کی سماعت کی۔ نجی اسکول مالکان کی طرف سے عدالت کے روبرو سینئر وکیل عاصمہ جہانگیر پیش ہوئیں۔عاصمہ جہانگیر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ بہت سے لوگ اپنی مرضی سے زیادہ فیسیں ادا کرتے ہیں تاکہ ان کے بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں جبکہ پنجاب حکومت کا جاری کردہ ایجوکیشن آرڈیننس 2015 آئین کے آرٹیکل 25 سے متصادم ہے ۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب حکومت کا جاری کردہ آرڈیننس کالعدم قرار دیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نجی سکولوں کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے متعلقہ حکام کو 5 نومبر کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔